ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں کورونا کے تیزی سے بڑھ رہے ہیں معاملات؛ آج ایک ہی دن 442 کیسس؛ بنگلور میں حالات تشویشناک

کرناٹکا میں کورونا کے تیزی سے بڑھ رہے ہیں معاملات؛ آج ایک ہی دن 442 کیسس؛ بنگلور میں حالات تشویشناک

Fri, 26 Jun 2020 00:25:16    S.O. News Service

بنگلور 25/جون (ایس او نیوز) دن گذرنے کے ساتھ کورونا معاملات میں کمی آنے کے بجائے  اس میں مزید اضافہ ہی دیکھا جارہا ہے اور حالات بد سے بدتر ہوتے نظر آ رہے ہیں، ہیلتھ بلٹین کے مطابق آج ایک ہی دن کرناٹک میں 442 نئے کورونا کیسس سامنے آئے ہیں  اور اس میں سب سے زیادہ معاملات بنگلور (شہر) سے ہیں۔

گذشتہ ہفتوں تک شمالی کرناٹک اور ساحلی کرناٹک میں کوویڈ کے بہت زیادہ  معاملات دیکھے جارہے تھے اور بنگلور میں معاملات بے حد کم سامنے آرہے تھے، مگر اب معاملہ ریورس ہوگیا ہے اور بنگلور میں سب سے زیادہ معاملات  کورونا کے سامنے آرہے ہیں اور دیگر اضلاع میں  کمی واقع ہورہی ہے۔

آج سامنے آئے 442 کورونا معاملات میں  سب سے زیادہ معاملات بنگلور (113) سے ہیں جس میں 59 انفلائنزا جیسی بیماری (ILI)،  اور چار معاملات سانس لینے میں تکلیف (SARI) کے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ محکمہ ہیلتھ ابھی تک اس بات کا پتہ لگانے میں ناکام ہے کہ کورونا کے 32 معاملات کا لنک کہاں سے ہے۔ 

میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق  صرف دس معاملات کے تعلق سے پتہ چل پایا ہے کہ وہ  پرانے کورونا کے پرائمری رابطے والے ہیں۔ ویسے خوش آئندہ بات یہ ہے کہ  بھلے ہی آج ایک ہی دن 442 معاملات نئے سامنے آئے ہیں، مگر  آج پورے دن ریاست کے مختلف حصوں سے 519 لوگ صحت یاب ہوکر ڈسچارج بھی ہوئے ہیں۔

آج ریاست میں 6 لوگ کورونا سے ہلاک بھی ہوئے ہیں، البتہ ان میں کوئی بھی معاملہ بنگلور سے نہیں ہے۔آج  چھ تازہ  موت کے معاملات کے بعد  ریاست میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 170 ہوگئی ہے۔

آج جمعرات کو ریاست میں آئی سی یو  میں داخلہ کے معاملات میں بھی اچانک  اضافہ ہوا ہے اور 112 معاملات سے سیدھے 160 معاملات تک پہنچ گئے ہیں۔ اس میں صرف بنگلور سے جہاں آئی سی یو کے 63 معاملات تھے آج اچانک  بڑھ کر 112 تک پہنچ گئے ہیں۔ ویسے بنگلور سے آج 30 لوگ ڈسچارج بھی ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اب ریاست میں کورونا کی جانچ کی تعداد میں  بھی اضافہ کیا گیا ہے اور جمعرات تک  14,078 ٹیسٹ لئے جاچکے ہیں۔
 


Share: